بلوچستان میں جبری گمشدگیوں کے خلاف وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز (وی بی ایم پی) کے زیرِ اہتمام کوئٹہ پریس کلب کے سامنے قائم احتجاجی کیمپ 6376ویں روز بھی جاری رہا، جہاں مقبول احمد کے بھائی اورنگزیب نے شرکت کی۔
اورنگزیب نے بتایا کہ ان کے بھائی مقبول احمد ولد شیر محمد 2 اکتوبر 2023 کو صبح 9 بجے کاسی روڈ، ٹین ٹاؤن، کوئٹہ میں واقع اپنے گھر سے نکلے، جس کے بعد ان کا موبائل فون بند ہوگیا۔ اہلِ خانہ نے متعلقہ تھانے میں رپورٹ درج کرانے کے ساتھ ساتھ اعلیٰ حکام سے بھی رابطہ کیا، تاہم تین سال گزرنے کے باوجود مقبول احمد کے بارے میں کوئی معلومات فراہم نہیں کی گئیں، جس کے باعث خاندان شدید ذہنی اذیت میں مبتلا ہے۔
وی بی ایم پی کے چیئرمین نصراللہ بلوچ نے اورنگزیب کو یقین دہانی کرائی کہ مقبول احمد کا کیس متعلقہ کمیشن اور حکومت کو فراہم کیا جائے گا اور ان کی باحفاظت بازیابی کے لیے ہر فورم پر آواز بلند کی جائے گی۔
انہوں نے مقبول احمد سمیت تمام جبری لاپتہ افراد کی بازیابی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر کسی شخص پر کوئی الزام ہے تو اسے عدالت میں پیش کرکے قانونی تقاضے پورے کیے جائیں۔


















































