کوئٹہ: آج اور کل ریلوے سروس معطل رہے گی

1

ریلوے حکام کے مطابق کوئٹہ سے پشاور جانے والی اور پشاور سے کوئٹہ آنے والی جعفر ایکسپریس 5 اور 6 ستمبر کو معطل رہے گی اور اس کی سروس جیکب آباد تک محدود رہے گی۔

مسافروں نے ٹرین سروس کی بار بار معطلی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آئے روز ٹرینیں منسوخ کیے جانے سے ان کے سفری منصوبے متاثر ہوتے ہیں اور انہیں مالی و ذہنی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

انہوں نے ریلوے حکام سے مطالبہ کیا کہ ٹرین سروس کو بلا تعطل بحال رکھنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔

ذرائع کے مطابق مسافر ٹرینوں میں سیکیورٹی اہلکاروں کے سفر کرنے کے باعث حملوں کے خدشے کے پیشِ نظر ٹرین سروس معطل کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال بلوچ لبریشن آرمی کی جانب سے جعفر ایکسپریس پر حملہ کر کے اسے ہائی جیک کیا گیا تھا، جبکہ رواں سال ایک عسکری شٹل پر حملے میں متعدد اہلکار ہلاک ہوئے تھے۔