نوشکی، مستونگ اور کھڈکوچہ سے بیدخلی بلوچ علاقوں پر قبضہ گیری کی واضح مثال ہے۔ سردار اختر مینگل

10

بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اختر مینگل نے کہا ہے کہ نوشکی، مستونگ اور کھڈکوچہ سے علاقہ مکینوں کی بیدخلی اور برسوں سے آباد باغات کی کٹائی بلوچ علاقوں پر قبضہ گیری کی واضح مثال ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں سردار اختر مینگل نے کہا کہ ریاست کا یہ وطیرہ رہا ہے کہ طاقتور کا مقابلہ نہ کرسکنے کی صورت میں اپنی ناکامی اور غصے کا اظہار اسی انداز میں کرتے ہوئے خوف کی فضا پیدا کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ تاہم ایسے اقدامات کے نتائج اس کے برعکس سامنے آ رہے ہیں اور ریاست کے خلاف نفرت میں دن بدن اضافہ ہو رہا ہے۔ ان کے بقول، یہ نفرتیں نسل در نسل چلتی رہیں گی۔

سردار اختر مینگل نے نوشکی، مستونگ اور کھڈکوچہ میں مقامی آبادی کے مسائل اور مبینہ بیدخلی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بلوچ عوام کے حقوق اور ان کی زمینوں اور باغات کے تحفظ کو یقینی بنایا جانا چاہیے۔