بلوچستان کے ضلع نوشکی میں احمد وال کے علاقے خاران کراس کے مقام پر فرنٹیئر کور (ایف سی) اہلکاروں کی فائرنگ سے ایک افغان شہری جاں بحق جبکہ تین افراد زخمی ہو گئے ہیں۔
مقامی ذرائع کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب ایک گاڑی کو مبینہ طور پر نہ رکنے پر فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ گاڑی میں افغان تارکینِ وطن سوار تھے اور وہ کوئٹہ کی جانب جا رہے تھے۔
فائرنگ کے نتیجے میں 50 سالہ افغان شہری گل احمد جاں بحق ہو گئے، جبکہ گاڑی کے ڈرائیور زاہد مینگل، جو نوشکی کے رہائشی ہیں، اور دو افغان شہری عبدالکریم اور اللہ داد زخمی ہوئے۔
لاش اور زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے لیے گورنمنٹ ٹیچنگ ہسپتال نوشکی منتقل کیا گیا، جہاں سے شدید زخمی افراد کو مزید علاج کے لیے کوئٹہ ریفر کر دیا گیا۔



















































