بلوچستان کے مختلف اضلاع میں بازار اور شاہراہیں بند، علاقوں میں کرفیو کا سماں

1

بلوچستان کے مختلف اضلاع میں بازار بند جبکہ اہم شاہراہوں پر آمدورفت محدود کردی گئی ہے۔

نوشکی میں مرکزی بازار اور اس سے ملحقہ داخلی و خارجی راستوں کو بند کر دیا گیا ہے جبکہ علاقے میں پاکستانی فورسز کی بھاری نفری تعینات ہے۔

مقامی ذرائع کے مطابق صورتحال کے باعث علاقے میں کرفیو اور لاک ڈاؤن جیسا ماحول ہے اور لوگ گھروں تک محدود ہو کر رہ گئے ہیں۔

دوسری جانب پنجگور میں بھی مختلف شاہراہیں، مرکزی بازار اور مارکیٹیں بند ہیں۔ مقامی دکانداروں کا کہنا ہے کہ انہیں پاکستانی فورسز کی جانب سے بازار جانے سے روکا گیا، جس کے باعث چتکان بازار سمیت کئی تجارتی مراکز بند ہیں۔

مقامی ذرائع کے مطابق علاقے میں مکمل کرفیو جیسی صورتحال ہے جبکہ کاروباری سرگرمیاں معطل ہو کر رہ گئی ہیں۔

کوئٹہ میں بھی متعدد اہم شاہراہوں کو ٹرکوں اور کنٹینرز لگا کر بند کر دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اسپنی روڈ، چمن پھاٹک، جوائنٹ روڈ، زرغون روڈ، ریڈ زون اور دیگر اہم راستوں پر رکاوٹیں کھڑی کرکے آمدورفت محدود کر دی گئی ہے۔

دریں اثنا تربت کے علاقے ناصر آباد اور دیگر علاقوں میں بھی پاکستانی فورسز کی جانب سے بازار بند کرائے جانے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، جس کے باعث کاروباری سرگرمیاں متاثر ہوئی ہیں۔