امریکی فوج کا کہنا ہے کہ اس نے امریکی افواج پر ایرانی بیلسٹک میزائل حملوں کی کوشش کے جواب میں ایران کے خلاف ’شدید‘ حملے کیے ہیں۔
امریکی فوج کی مرکزی کمان (سینٹ کام) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اس نے پاسدارانِ انقلاب کے ’درجنوں‘ اہداف کو نشانہ بنایا۔ بیان کے مطابق یہ کارروائیاں ایران کی جانب سے اردن میں امریکی اڈوں اور آبنائے ہرمز میں موجود جہازوں پر حملے کے جواب میں کی گئی ہے۔
سینٹکام کا کہنا ہے کہ حالیہ حملے مشرقی امریکہ کے وقت کے مطابق بدھ کی شام آٹھ بجے (بلوچستان وقت کے مطابق جمعرات کی صبح پانچ بجے) شروع ہوئے اور تقریباً ایک گھنٹے تک جاری رہے۔
امریکی فوج نے نے انھیں ’گذشتہ روز مشرقِ وسطیٰ میں تعینات امریکی افواج پر ایرانی حملوں کی کوشش کا طاقتور جواب‘ قرار دیا۔
سینٹ کام کا کہنا ہے کہ ایران کی جانب سے داغے گئے تمام میزائلوں کو راستے میں ہی تباہ کر دیا گیا۔
حملوں کے اختتام پر سینٹ کام نے کہا کہ امریکی کارروائی میں ’فوجی کمانڈ مراکز، میزائل اور ڈرون تنصیبات، ساحلی نگرانی اور دفاعی تنصیبات، اور بحری صلاحیتوں‘ کو نشانہ بنایا گیا۔



















































