بلوچستان کے ضلع کیچ کے علاقے کلاتک اور اس سے ملحقہ علاقوں میں گزشتہ روز سے صورتحال کشیدہ بتائی جا رہی ہے، جہاں مقامی ذرائع کے مطابق پاکستانی فورسز کی جانب سے وسیع پیمانے پر آپریشن جاری ہے، جبکہ مختلف مقامات پر مسلح افراد کی سرگرمیوں اور جھڑپوں کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔
مقامی ذرائع کے مطابق کلاتک، گیبن اور گردونواح میں گزشتہ شام سے پاکستانی فورسز کی بڑی تعداد تعینات ہے، جبکہ علاقے میں نگرانی کے لیے کواڈ کاپٹر مسلسل پروازیں کرتے رہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آپریشن کے دوران مختلف مقامات پر سرچ کارروائیاں جاری ہیں۔
اسی دوران موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق مسلح افراد کی ایک بڑی تعداد نے کلاتک کے مرکزی شاہراہ پر ناکہ بندی قائم کی، جہاں گزرنے والی گاڑیوں کو روک کر ان کی تلاشی لی گئی۔ مقامی ذرائع کے مطابق اس دوران پاکستانی فورسز پر بھی حملہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں جانی نقصان ہونے کی اطلاعات ہیں۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ علاقے میں شدید فائرنگ کی آوازیں سنی گئیں، جبکہ ایک کواڈ کاپٹر تباہ کیے جانے کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں۔ اسی طرح یہ دعویٰ بھی کیا جا رہا ہے کہ چند غیر مقامی افراد کو حراست میں لیا گیا اور لیویز کی ایک چوکی پر قبضہ کرنے کے بعد اسے نقصان پہنچایا گیا۔
دوسری جانب پولیس ذرائع کے مطابق کلاتک میں مرکزی شاہراہ پر نامعلوم مسلح افراد کی ناکہ بندی کے دوران سات غیر مقامی افراد کو گاڑی سے اتار کر اپنے ساتھ لے جایا گیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق بعد ازاں سورگ کے مقام سے ایک مغوی کی لاش برآمد ہوئی، جسے گولیاں مار کر ہلاک کیا گیا تھا۔
مقامی ذرائع کے مطابق فائرنگ کے تبادلے کے دوران ایک مقامی راہ گیر بھی گولی لگنے سے ہلاک ہوا۔













































