فیفا ورلڈ کپ: جاپان کی تیونس کے خلاف بڑی فتح، جرمنی ناک آؤٹ مرحلے میں پہنچ گیا

56

فیفا ورلڈ کپ کے گروپ ایف میں جاپان نے تیونس کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 0-4 سے شکست دے دی۔ اس کامیابی کے بعد جاپان نے دو میچوں میں چار پوائنٹس حاصل کر لیے ہیں اور وہ گروپ میں دوسری پوزیشن پر موجود ہے۔

ایک اور میچ میں ایکواڈور اور کوراساؤ کے درمیان مقابلہ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوا اور دونوں ٹیموں نے ایک، ایک پوائنٹ حاصل کیا۔

میچ میں کوراساؤ کے گول کیپر نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایکواڈور کے 15 سے زائد خطرناک حملے ناکام بنائے۔ ورلڈ کپ میں پہلی مرتبہ شرکت کرنے والی کوراساؤ کی ٹیم نے ایونٹ میں اپنا پہلا پوائنٹ حاصل کیا۔

دوسری جانب جرمنی نے آئیوری کوسٹ کے خلاف سنسنی خیز مقابلے میں 1-2 سے کامیابی حاصل کر لی۔ جرمن ٹیم 2014 کے بعد پہلی مرتبہ ورلڈ کپ کے ناک آؤٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کرنے میں کامیاب ہوئی ہے۔

جرمنی کی جانب سے فیصلہ کن گول انداوو نے انجری ٹائم کے آخری لمحات میں اسکور کیا، جس کی بدولت ٹیم کو نہ صرف تین قیمتی پوائنٹس ملے بلکہ اگلے مرحلے میں رسائی بھی یقینی ہو گئی۔