بلوچستان نیشنل پارٹی کے رہنما کا بھائی جبری لاپتہ

52

بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) پنجگور کے سابق ضلعی صدر اور سابق چیئرمین یونین کونسل پروم عبیداللہ بلوچ کے چھوٹے بھائی نصرت اللہ خان کی کل رات سی ٹی ڈی نے گرفتار کرکے لاپتہ کردیا۔

عبیداللہ بلوچ نے میڈیا کو بتایا کہ واقعہ گزشتہ شب تقریباً ڈیڑھ بجے پیش آیا، جب وہ اپنے اہل خانہ کے ہمراہ کوئٹہ کے علاقے اے ون سٹی میں واقع گھر میں موجود تھے۔ ان کے مطابق پولیس کی وردی میں ملبوس اہلکاروں نے گھر پر چھاپہ مارا، تلاشی لی اور ان کے چھوٹے بھائی نصرت اللہ خان کو اپنے ہمراہ لے گئے۔

انہوں نے کہا کہ واقعے کے فوراً بعد اہل خانہ نے قریبی بروری تھانے میں اطلاع دی، تاہم وہاں سے بھی کوئی تسلی بخش جواب نہیں ملا۔ ان کا کہنا تھا کہ اب تک شہر کے کسی بھی تھانے میں نصرت اللہ خان کی گرفتاری ظاہر نہیں کی گئی، جس سے اہل خانہ میں شدید بے چینی پائی جا رہی ہے۔

عبیداللہ بلوچ نے مزید کہا کہ ان کے بھائی کے خلاف نہ تو کوئی مقدمہ درج ہے اور نہ ہی وہ کسی غیر قانونی سرگرمی میں ملوث ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ متعلقہ حکام فوری طور پر نصرت اللہ خان کی گرفتاری سے متعلق وضاحت کریں اور انہیں عدالت کے سامنے پیش کیا جائے۔