بلوچستان میں ایک اور مائننگ کمپنی کے سائٹ کو حملے میں نشانہ بنایا گیا ہے۔
گذشتہ شب کوئٹہ کے علاقے ہنہ اوڑک میں مسلح افراد نے تیل و گیس تلاش کرنے والی کمپنی کے سائٹ کو حملے میں نشانہ بناکر تمام بھاری مشنری اور گاڑیوں کو نذرآتش کرکے تباہ کردیا۔
واقعے میں کسی قسم کے جانی نقصانات کی اطلاعات نہیں ہیں۔
یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا جب چوبیس گھنٹے قبل بلوچستان کے ضلع چاغی میں مسلح افراد نے سونا نکالنے والی کمپنی نیشنل ریسورسز لمیٹڈ کے سائٹ کو داریگوان میں حملے میں نشانہ بنایا گیا۔
اس حملے میں ایک غیر ملکی سمیت کمپنی کے دس افراد ہلاک ہوئے ہیں جن میں تین سیکورٹی گارڈز بھی شامل ہیں۔
گذشتہ شب مذکورہ افراد کی لاشوں کو سول ہسپتال کوئٹہ منتقل کردیا گیا تاہم صحافیوں کو ہسپتال میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی گئی جبکہ بعدازاں ان لاشوں کو سی ایم ایچ منتقل کردیا گیا۔
مذکورہ حملوں کی ذمہ داری تاحال کسی نے قبول نہیں کی ہے۔



















































