کوہلو: رمضان پیکج کی تقسیم کے دوران بدنظمی، ہنگامہ آرائی میں متعدد افراد زخمی، مستحقین راشن سے محروم

1

ضلع کوہلو میں وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کی جانب سے فراہم کردہ رمضان پیکج کی تقسیم کے دوران مختلف مقامات پر شدید بدنظمی اور ہنگامہ آرائی دیکھنے میں آئی۔ ذرائع کے مطابق بھگدڑ اور ہاتھا پائی کے نتیجے میں پولیس اہلکاروں سمیت متعدد افراد زخمی ہوئے۔

تفصیلات کے مطابق کوہلو اسٹیڈیم کے مین پوائنٹ کے علاوہ گرسنی، لاسی زئی، تمبو اور فاضل چیل میں بھی راشن کی تقسیم کے دوران شدید افراتفری پائی گئی۔

مستحقین اور منتظمین کے درمیان تلخ کلامی کے بعد صورتحال مزید خراب ہوئی اور لوگ راشن حاصل کرنے کے لیے ایک دوسرے پر جھپٹ پڑے۔ عینی شاہدین کے مطابق بدنظمی کے دوران کئی افراد نے راشن منتظمین سے چھین کر لے لیا، جس کے باعث اصل مستحقین شدید مشکلات کا سامنا کرنے پر مجبور ہوئے۔

مقامی افراد نے بتایا کہ اس افراتفری کے باعث انتظامیہ کی تیار کردہ فہرست میں شامل متعدد مستحق خاندان، جن میں بیوائیں، معذور افراد اور یتیم بچے بھی شامل ہیں، راشن سے محروم رہ گئے۔

متاثرین نے کہا کہ ہنگامہ آرائی اور ناقص انتظامات کی وجہ سے حقیقی مستحقین کو راشن نہیں مل سکا، جبکہ کئی غیر متعلقہ افراد راشن لے جانے میں کامیاب ہوگئے۔

متاثرہ افراد نے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی، ڈپٹی کمشنر کوہلو عظیم دمڑ، اور ایف سی کمانڈنٹ کرنل فاروق اشرف سمیت دیگر اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ مستحقین کی فہرست ازسرنو مرتب کی جائے اور حقیقی مستحق افراد کو رمضان پیکج فراہم کیا جائے۔