افغانستان کی پاکستان میں ڈرون حملے، اسلام آباد میں سکیورٹی الرٹ، بین الاقوامی ہوائی اڈہ عارضی بند

1

افغانستان کی حکومت کی وزارتِ دفاع نے دعویٰ کیا ہے کہ افغان فورسز نے جمعہ کی شام اسلام آباد کے قریب واقع ایک اہم فوجی تنصیب حمزہ کیمپ کو ڈرون حملے میں نشانہ بنایا ہے۔

وزارتِ دفاع کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس ایکس پر جاری بیان میں کہا گیا کہ ڈرونز کے ذریعے کیمپ کے اندر موجود کمانڈ سینٹر اور دیگر اہم تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا جس سے قابلِ ذکر نقصان پہنچا۔

دوسری جانب اسلام آباد پولیس کے مطابق جمعہ کی شام شہر کے سیکٹر آئی-9 میں ایک ڈرون گرنے کی اطلاع موصول ہونے کے بعد علاقے کو فوری طور پر گھیرے میں لے لیا گیا اور سکیورٹی بڑھا دی گئی۔ پولیس حکام نے میڈیا کو بتایا کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔

اسی دوران اسلام آباد کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر بھی کچھ وقت کے لیے فضائی آپریشنز متاثر ہوئے۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق آپریشنل وجوہات کی بنیاد پر مختصر مدت کے لیے فلائٹ آپریشنز میں معمولی رد و بدل کیا گیا تھا۔

یہ واقعہ جمعہ کے روز پاکستان میں ڈرون گرنے کا دوسرا واقعہ ہے۔ اس سے قبل صبح کے وقت افغانستان کی حکومت کی وزارتِ دفاع نے خیبرپختونخوا کے شہر کوہاٹ میں واقع فوجی چھاؤنی کو ڈرونز کے ذریعے نشانہ بنانے کا بھی دعویٰ کیا تھا۔

وزارتِ دفاع کے بیان کے مطابق یہ کارروائی گزشتہ رات پاکستان کی جانب سے کی جانے والی بمباری کے ردعمل میں کی گئی۔