کوئٹہ: سریاب روڈ پر دھماکہ اور فائرنگ، 1 ہلاک، 10 زخمی

298

بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں بدھ کے روز سریاب روڈ پر واقع منیر مینگل روڈ کے قریب ایک زور دار دھماکہ اور فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، جس میں ابتدائی اطلاعات کے مطابق ایک شخص ہلاک جبکہ 10 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔

دھماکہ اس وقت ہوا جب حلقہ سریاب سے رکنِ صوبائی اسمبلی (ایم پی اے) علی مدد جتک کی قیادت میں “جشنِ فتح ریلی” نکالی جارہی تھی۔

پولیس حکام کے مطابق نامعلوم افراد نے منیر مینگل روڈ پر ریلی کے قریب دستی بم پھینکا اور فائرنگ کی۔ حملے کے فوراً بعد فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا، جبکہ زخمیوں کو فوری طور پر سول ہسپتال کوئٹہ منتقل کیا گیا۔

سول ہسپتال کوئٹہ کے شعبہ حادثات اور ٹراما سینٹر میں زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد دی گئی۔ اس دوران ایک زخمی شخص دورانِ علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔

ڈاکٹر وسیم بیگ، میڈیا کوآرڈینیٹر محکمہ صحت بلوچستان کی جانب سے فراہم کردہ معلومات کے مطابق زخمی ہونے والوں میں قربان علی ولد رحیم علی، عبدالرزاق ولد خداے بخش، محمد عاصم ولد محمد اسماعیل، محمد عمر ولد داد محمد، عبدالمنان ولد عبدالغفار، سید نقیب اللہ ولد سید عبدالمنان، عمران ولد سکندر، محمد ساجد ولد نعمت، مہر اللہ اور ایک نامعلوم شخص شامل ہیں۔ جبکہ دورانِ علاج محبوب علی ولد محمد اکرم جان کی بازی ہار گئے۔

حملے کی ذمہ داری تاحال کسی نے قبول نہیں کی۔