کراچی ائرپورٹ دھماکا پاک چین دوستی پر حملہ ہے۔ دفتر خارجہ

460

پاکستان کی جانب سے چینی شہریوں پر حملے کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے پاک چین دوستی پر حملہ قرار دیا گیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے اپنے بیان میں کراچی میں ہونے والے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ چینی شہریوں پر حملہ کرنے والے کو شکست دینے کے لیے پاکستان چین کے ساتھ مل کر کام جاری رکھنے کے لیے پُرعزم ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی ائرپورٹ کے قریب کے واقعے میں 2 چینی انجینئرز جان سے گئے اور ایک زخمی ہوا۔ پاکستان اس واقعے میں چین اور پاکستان دونوں کے متاثر ہونے والے افراد کے خاندانوں سے ہمدردی اور اظہار تعزیت کرتا ہے۔ انہوں نے واقعے میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا بھی کی۔

ممتاز زہرہ بلوچ نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ کراچی میں ہونے والی کارروائی پاک چین پائیدار دوستی پر حملہ تصور کرتے ہیں اور اس بزدلانہ کارروائی کرنے والے عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لاکر سخت سزا دینے کے لیے پرعزم ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ مجید بریگیڈ سمیت اس حملے کے ذمے داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے پرعزم ہیں۔ قانون نافذ کرنے والے ادارے حملہ آور اور ان کے سہولت کاروں کو ان کے عبرت ناک انجام تک پہنچا کر دم لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزارت خارجہ چینی سفارت خانے کے ساتھ قریبی رابطے میں ہے اور پاکستان اور چینی شہریوں کی سلامتی کے لیے اپنے عزم کو اعادہ کرتی ہے۔