واشک، بلیدہ اور پسنی میں پاکستانی فورسز کے آپریشن، راگے میں ڈرون حملے سے بزرگ شہری زخمی

1

بلوچستان کے مختلف علاقوں میں پاکستانی فورسز کی جانب سے زمینی اور فضائی آپریشنز کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، جبکہ واشک کے علاقے راگے میں ڈرون حملے کے نتیجے میں ایک بزرگ شہری کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔

مقامی ذرائع کے مطابق، آج صبح تقریباً 10 بجے واشک کے علاقے راگے کے گاؤں ملا دونی میں پاکستانی فوج نے آپریشن کے دوران دو گھروں کو ڈرون کے ذریعے نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں ایک بزرگ شہری زخمی ہوگیا۔

اطلاعات کے مطابق، واقعے کے بعد تاحال کسی مزید گرفتاری یا جبری گمشدگی کی اطلاع موصول نہیں ہوئی، جبکہ علاقے میں پیش آنے والی صورتحال سے متعلق مزید معلومات جمع کی جا رہی ہیں۔

دوسری جانب بلیدہ کے علاقوں کوچک اور گردونواح میں بھی پاکستانی فورسز کی جانب سے زمینی آپریشن شروع کیے جانے کی اطلاعات ہیں۔

ادھر پسنی کے علاقے کلانچ میں کنڈری سر دشت کے مقام پر بھی پاکستانی فورسز کے آپریشن کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ مقامی ذرائع کے مطابق، آپریشن کے دوران فوجی اہلکاروں کے ہمراہ ڈیتھ اسکواڈ سے منسلک افراد کو بھی دیکھا گیا ہے۔ تاہم، تاحال کسی جانی نقصان یا گرفتاری کی اطلاع سامنے نہیں آئی۔

واضح رہے کہ بلوچستان کے مختلف علاقوں میں فوجی کارروائیوں اور آپریشنز کی اطلاعات مسلسل سامنے آ رہی ہیں۔ بلوچ سیاسی جماعتوں اور مقامی انسانی حقوق کی تنظیموں کا مؤقف ہے کہ ان کارروائیوں کے دوران شہری آبادی متاثر ہو رہی ہے اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے واقعات پیش آ رہے ہیں۔

ان واقعات کے حوالے سے حکام کی جانب سے تاحال کوئی باضابطہ مؤقف سامنے نہیں آیا۔