بلوچستان کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے متعدد واقعات اور ایک ٹریفک حادثے کے نتیجے میں کئی افراد ہلاک جبکہ ایک شخص زخمی ہوگیا۔ مند، مستونگ، ژوب اور پنجگور میں پیش آنے والے فائرنگ کے واقعات پیش آئے، جبکہ پنجگور کے علاقے تسپ میں ٹریفک حادثے کے دوران ایک شخص ہلاک ہوگیا۔
ضلع کیچ کی تحصیل مند کے علاقے ہوزئی میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے نعمان ولد پیر محمد نامی مقامی شخص ہلاک ہوگیا۔
اطلاعات کے مطابق نامعلوم مسلح افراد نے نعمان پر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ واقعے کے بعد ملزمان موقع سے فرار ہوگئے۔ واقعے سے متعلق مزید تفصیلات تاحال سامنے نہیں آسکیں۔
مستونگ کے علاقے بائی پاس علیزئی روڈ پر نامعلوم موٹر سائیکل سوار مسلح افراد کی فائرنگ سے وائس چیئرمین یونین کونسل صدیق آباد امتیاز احمد ابابکی ہلاک جبکہ ایک شخص زخمی ہوگیا۔
ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت امتیاز احمد ولد محمد وارث، سکنہ صدیق آباد کے نام سے ہوئی ہے، جبکہ زخمی شخص کی شناخت فیاض احمد ابابکی کے نام سے کی گئی۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق دونوں افراد ایک ہی موٹر سائیکل پر سوار تھے کہ اس دوران نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے ان پر فائرنگ کردی۔ فائرنگ کے نتیجے میں امتیاز احمد ہلاک جبکہ فیاض احمد زخمی ہوگیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس انتظامیہ موقع پر پہنچ گئی اور لاش و زخمی کو ہسپتال منتقل کردیا۔ ابتدائی طور پر واقعے کو پرانی دشمنی کا شاخسانہ بتایا جا رہا ہے۔ پولیس نے واقعے کی مزید تفتیش شروع کردی۔
ژوب میں کوئٹہ شاہراہ کے قریب نامعلوم مسلح افراد نے ایک گاڑی پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں سردار طاہر خان کاکڑ ہلاک ہوگئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق واقعہ قومی شاہراہ کے قریب پیش آیا، تاہم فائرنگ کے واقعے کی مزید تفصیلات اور ملزمان سے متعلق معلومات تاحال سامنے نہیں آسکیں۔
پنجگور کے علاقے تسپ میں ٹریفک حادثے کے دوران ایک شخص ہلاک ہوگیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق تسپ کے علاقے میں دو ہزار پک اپ گاڑی کی ٹکر سے احسان اللہ ولد شفیع محمد، سکنہ تسپ، جان کی بازی ہار گیا۔
پنجگور کے حاجی یاسین مارکیٹ میں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے گل شیر ولد عبد الطیف زخمی ہوگیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں گل شیر کے پیر میں گولی لگی، جسے فوری طور پر ڈسٹرکٹ ٹیچنگ ہسپتال پنجگور منتقل کردیا گیا۔
پنجگور کے علاقے تسپ ایراپ اور ڈمب کی زرعی زمینوں سے نوجوان خباب ولد محمد اختر کی گولیوں سے چھلنی لاش برآمد ہوئی ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق مقتول شام تقریباً چار بجے اپنے زرعی باغات میں درختوں کو پانی دینے کے لیے گیا ہوا تھا، جہاں اسے سر میں گولی مار کر قتل کردیا گیا۔













































