کوئٹہ کراچی مرکزی شاہراہ پر کوسٹ گارڈز کی متعدد چیک پوسٹوں پر مسافر کوچز کی بار بار چیکنگ، مسافروں کو ہراساں کرنے اور ٹرانسپورٹرز کے ساتھ نامناسب رویے کے خلاف بس مالکان سراپا احتجاج بن گئے۔
احتجاج کرنے والے ٹرانسپورٹرز نے شاہراہ پر احتجاجی کیمپ قائم کرکے اپنی مسافر کوچز کھڑی کردیں اور انتظامیہ سمیت متعلقہ اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ مسافر کوچز کو بلاجواز بار بار روکنے، مسافروں کو پریشان کرنے اور ٹرانسپورٹرز کے ساتھ توہین آمیز رویے کا سلسلہ فوری طور پر بند کیا جائے۔
ٹرانسپورٹرز کا کہنا ہے کہ متعدد چیک پوسٹوں پر بار بار چیکنگ کے باعث مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، جبکہ بسوں کی آمدورفت بھی متاثر ہوتی ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر ان کے جائز مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو احتجاجی تحریک کا دائرہ مزید وسیع کرتے ہوئے سخت لائحہ عمل اختیار کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ کوئٹہ کراچی شاہراہ پر کوسٹ گارڈز سمیت دیگر پاکستانی فورسز کی چیک پوسٹوں پر مسافروں اور ٹرانسپورٹرز کی جانب سے اس سے قبل بھی بارہا شکایات سامنے آتی رہی ہیں، جن میں چیکنگ کے دوران مبینہ غیر مناسب رویے، غیر ضروری تاخیر اور مسافروں کو درپیش مشکلات کی نشاندہی کی گئی ہے۔
دوسری جانب آج بلوچستان اسمبلی میں بھی اس اہم مسئلے کی بازگشت سنائی دی، جہاں رکن اسمبلی ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے شاہراہ پر چیکنگ اور مسافروں کو درپیش مشکلات کا معاملہ اٹھایا۔



















































