قلعہ عبداللہ: مسلح جھڑپوں میں بڑی تعداد میں ہلاکتوں کی اطلاعات

94

بلوچستان کے ضلع قلعہ عبداللہ کے علاقے سلطان شار میں مسلح افراد نے پاکستان فوج کے حمایت یافتہ ایک مسلح گروہ کے کیمپ پر حملہ کیا، جس کے بعد علاقے میں کئی گھنٹوں تک شدید مسلح جھڑپیں جاری رہیں۔

علاقائی ذرائع کے مطابق حملہ آوروں نے کیمپ پر کارروائی کرتے ہوئے وہاں موجود متعدد اہلکاروں کو ہلاک کر دیا، جبکہ کارروائی کے بعد کیمپ سے اسلحہ اور ایک گاڑی بھی اپنے قبضے میں لے لی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حملے کے بعد پاکستانی فوج اور مذکورہ مسلح گروہ نے سینکڑوں کی تعداد میں حملہ آوروں کے خلاف کارروائی شروع کی، جس کے نتیجے میں سلطان شار اور اس کے گردونواح میں تقریباً چار گھنٹے تک فائرنگ اور مسلح جھڑپوں کا سلسلہ جاری رہا۔

علاقائی ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ جھڑپوں کے دوران دونوں جانب جانی نقصان ہوئے ہیں، تاہم اموات اور زخمیوں کی درست تعداد فوری طور پر معلوم نہیں ہو سکی۔

واقعے کے بعد کوئٹہ سے بڑی تعداد میں ایمبولینسوں کو سلطان شار کی جانب جاتے ہوئے دیکھا گیا، تاہم اس حوالے سے سرکاری طور پر کوئی اعداد و شمار جاری نہیں کیے گئے۔