پسنی: ذہنی صحت کے مسائل اے دوچار شخص کوسٹ گارڈز کی فائرنگ سے جانبحق

23

پسنی میں پاکستان کوسٹ گارڈ کے اہلکاروں کی  فائرنگ سے ذہنی صحت کے مسائل سے دوچار ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔ مقامی ذرائع کے مطابق واقعے کے بعد لاش اہلِ خانہ کے حوالے کردی گئی، تاہم مبینہ دباؤ کے باعث خاندان نے واقعے کو منظرِ عام پر نہیں لایا۔

پسنی سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق تین روز قبل پسنی کے رہائشی معراج ولد محمد میار رات گئے اچانک نیند سے بیدار ہوکر گھر سے باہر نکل گئے۔ ذرائع کے مطابق وہ کوسٹ گارڈ کیمپ کے قریب پہنچے، جہاں انہیں مشکوک سمجھ کر فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا۔

فائرنگ کے نتیجے میں معراج موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد پاکستان کوسٹ گارڈ کی جانب سے لاش اگلی صبح پاک عمان ہسپتال منتقل کی گئی، جہاں مبینہ طور پر مقامی افراد کے ذریعے لاش اہلِ خانہ کے حوالے کی گئی۔

مقامی ذرائع کے مطابق معراج ذہنی صحت کے مسائل سے دوچار تھے اور ان کے گھر سے رات کے وقت نکلنے کی وجہ بھی یہی صورتحال بتائی جاتی ہے۔

ذرائع مزید دعویٰ کرتے ہیں کہ واقعے کے بعد اہلِ خانہ کو مبینہ طور پر دھمکیوں اور دباؤ کا سامنا کرنا پڑا، جس کے باعث خاندان نے معاملے کو خاموش رکھا۔ اسی وجہ سے واقعہ تاحال کسی سرکاری یا عوامی سطح پر رپورٹ نہیں ہوسکا۔