جمعیت وکلاء فورم پاکستان کے مرکزی صدر سینیٹر کامران مرتضیٰ ایڈووکیٹ نے کہا ہے سوراب کے علاقے گدر میں پاکستانی فوج کے جیٹ طیاروں کی مبینہ بمباری کے نتیجے میں 8 سے زائد افراد کے جانبحق ہونے کی اطلاعات پر شدید تشویش اور افسوس ہے۔
سینیٹر کامران مرتضیٰ نے کہا کہ اگر شہری آبادی پر جیٹ طیاروں سے بمباری کی گئی ہے تو یہ انتہائی سنگین معاملہ ہے، حکومت فوری طور پر واقعے کا نوٹس لے اور حقائق عوام کے سامنے لائے۔
انہوں نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے، آپریشن کے دوران شہری آبادی کو نشانہ بننے سے بچانے کے لیے موثر حفاظتی اقدامات کیے جائیں۔
سینیٹر کامران مرتضیٰ نے مطالبہ کیا کہ گدر واقعے کی شفاف اور غیر جانب دارانہ تحقیقات کرائی جائیں، جانبحق اور زخمی ہونے والے افراد کے بارے میں درست معلومات فراہم کی جائیں اور متاثرہ خاندانوں کو فوری امداد دی جائے۔
انہوں نے کہا کہ بے گناہ شہریوں کی جانوں کا ضیاع کسی صورت قابل قبول نہیں، حکومت کو ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے فوری اور موثر اقدامات کرنا ہوں گے۔

















































