کیچ: پاکستانی فورسز کا آپریشن، ایک نوجوان حراست بعد لاپتہ، متعدد مقامات پر کواڈ کاپٹر سے بمباری

116

بلوچستان کے ضلع کیچ کے علاقے گومازی نہنگ کور میں پاکستانی فورسز کی جانب سے بڑے پیمانے پر آپریشن شروع کیے جانے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

مقامی ذرائع کے مطابق آپریشن کے دوران ایک نوجوان کو حراست میں لیا گیا، جس کی شناخت یحییٰ ولد عبدالکریم کے نام سے کی گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز پاکستانی فورسز نے نہنگ کور کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کیں، جن کے دوران تین مختلف مقامات پر کواڈ کاپٹر کے ذریعے بم گرائے گئے۔ مقامی اطلاعات کے مطابق بمباری کے بعد فورسز نے علاقے کا محاصرہ کرتے ہوئے زمینی آپریشن کا آغاز کیا۔

اطلاعات کے مطابق آپریشن کے دوران داخلی اور خارجی راستوں پر سیکیورٹی بڑھا دی گئی، جبکہ علاقے میں فورسز کی اضافی نفری بھی تعینات کی گئی۔

تاحال پاکستانی فوج یا متعلقہ اداروں کی جانب سے اس آپریشن یا گرفتاری کے حوالے سے کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا۔