ڈیجیٹل لائبریری خضدار کے طلبہ نے اپنے تعلیمی حقوق کے تحفظ کے لیے ایک پُرامن واک کا انعقاد کیا، جس میں طلبہ، اساتذہ اور شہریوں نے بھرپور شرکت کی۔
واک کے اختتام پر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ڈیجیٹل لائبریری کے مرکزی دروازے کو تالا لگا دیا گیا، جبکہ بعض طلبہ کے ساتھ نامناسب رویہ بھی اختیار کیا گیا۔ لائبریری بند ہونے کے بعد طلبہ سڑک کنارے بیٹھ کر اپنی تعلیم جاری رکھنے پر مجبور ہیں۔
اس موقع پر شرکا نے کہاکہ یہ انتہائی افسوسناک اور تشویشناک صورتحال ہے۔
طلبہ کا کہنا ہے کہ ان کا کسی فرد یا ادارے سے ذاتی اختلاف نہیں، بلکہ ان کا احتجاج مکمل طور پر پُرامن ہے اور ان کا واحد مطالبہ اپنے جائز اور بنیادی تعلیمی حقوق کا تحفظ ہے۔
طلبہ نے وزیراعلیٰ بلوچستان، کمشنر قلات ڈویژن اور دیگر متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری نوٹس لیتے ہوئے مسئلے کو منصفانہ انداز میں حل کریں تاکہ تعلیمی سرگرمیاں بلا تعطل جاری رہ سکیں۔
طلبہ نے کہاکہ ہے کہ اگر ان کے جائز مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو وہ کل مرکزی شاہراہ پر پُرامن احتجاج کریں گے، جس کی تمام تر ذمہ داری ضلعی انتظامیہ پر عائد ہوگی۔


















































