بلوچ یکجہتی کمیٹی نے کہا ہے کہ تنظیمی رہنماؤں کی وکلا ٹیم نے ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ اور سبغت اللہ شاہ جی کو سنائی گئی عمر قید کی سزا کے خلاف بلوچستان ہائی کورٹ میں اپیل دائر کر دی۔
انہوں نے کہاکہ بلوچ یکجہتی کمیٹی یہ واضح کرتی ہے کہ یہ فیصلہ غیر منصفانہ ہے اور انصاف کے تقاضوں سے ہم آہنگ نہیں۔ دو سال قبل قتل کا متنازہ مقدمے میں بغیر کسی ثبوت کے فیس لیس ٹرائیل کے زریعے صرف ایک دن کے اندر فیصلہ سنانا اس بات کو عیاں کرتا ہے کہ یہ محض سیاسی انتقام کے لیے رچایا گیا ڈرامہ ہے۔ آج اس فیصلے کو چیلنج کرتے ہوئے بلوچستان ہائی کورٹ سے اسے کالعدم قرار دینے اور انصاف کی فراہمی کی استدعا کی گئی ہے۔
مزید کہاکہ ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ اور سبغت اللہ شاہ جی کے مقدمے میں انسدادِ دہشت گردی عدالت (اے ٹی سی) کی جانب سے سنایا گیا فیصلہ غیر منصفانہ ہے، جس سے یہ تاثر مزید مضبوط ہوا ہے کہ بلوچستان میں انصاف کی فراہمی شدید دباؤ اور محدودیت کا شکار ہے۔
انہوں نے کہاکہ بلوچ یکجہتی کمیٹی بین الاقوامی اداروں، انسانی حقوق کی تنظیموں اور آزاد مبصرین سے اپیل کرتی ہے کہ وہ بلوچستان ہائی کورٹ میں بلوچ یکجہتی کمیٹی کے رہنماؤں کے زیرِ سماعت مقدمے کی براہِ راست نگرانی اور مشاہدہ یقینی بنائیں، تاکہ عدالتی کارروائی شفاف انداز میں آگے بڑھے اور انصاف کے تقاضوں پر کسی بھی قسم کے دباؤ یا مداخلت کا اثر نہ پڑنے دیا جائے۔


















































