بی ایل اے نے گوادر حملے کی ویڈیو جاری کردی

651

بلوچستان کے ساحلی شہر گوادر میں آج ہونے والے حملے کی ویڈیو بی ایل اے کی جانب سے جاری کی گئی ہے۔ 43 سیکنڈ کی اس ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک ٹرک سڑک پر چلتے ہوئے اچانک موڑ کاٹ کر کیمپ کے احاطے میں داخل ہوتا ہے، جس کے بعد زور دار دھماکہ ہوتا ہے۔ ویڈیو کے مطابق حملے کے نتیجے میں کیمپ کو شدید نقصان پہنچا اور بظاہر عمارت کا بڑا حصہ تباہ ہو گیا۔

بلوچ لبریشن آرمی کے ترجمان جیئند بلوچ کے مطابق یہ واقعہ آج شام تقریباً 6 بج کر 32 منٹ پر جیونی کے علاقے پانوان میں پیش آیا، جہاں کوسٹ گارڈ کے کیمپ کو نشانہ بنایا گیا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ایک خودکش حملہ آور، جس کی شناخت عطاء اللہ بلوچ عرف اجمل کے نام سے کی گئی ہے اور جس کا تعلق مجید بریگیڈ سے تھا، بارود سے بھری مزدا گاڑی کو کیمپ کے اندر لے جا کر دھماکے سے اڑایا گیا۔

حکام نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ جیونی کے علاقے پانوان میں پاکستان کوسٹ گارڈز کے کیمپ پر خودکش گاڑی حملہ کیا گیا۔ ان کے مطابق دھماکہ خیز مواد سے بھرا مال بردار ٹرک چوکی کی مرکزی عمارت سے ٹکرا گیا، جس کے بعد شدید دھماکے سے عمارت کا بڑا حصہ منہدم ہو گیا۔ دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی۔

ذرائع کے مطابق حملے کے وقت چوکی پر پاکستان کوسٹ گارڈز کی تھرڈ بٹالین اور پاکستان آرمی کی 32 پنجاب رجمنٹ کے اہلکار تعینات تھے۔ یہ چوکی جیونی شہر سے تقریباً 10 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔

مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ حملے کے بعد فورسز کی اضافی نفری علاقے میں پہنچ گئی اور پورے علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا۔ اطلاعات کے مطابق کوسٹل ہائی وے سمیت جیونی کی جانب آنے جانے والے متعدد راستے بند کر دیے گئے ہیں، جبکہ علاقے میں سخت سیکیورٹی چیک پوسٹس قائم کر دی گئی ہیں۔