کوئٹہ: پولیس کی گاڑی پر بم دھماکہ، چار اہلکار زخمی

3

کوئٹہ کے علاقے میاں غنڈی لنک روڈ پر دشت پولیس تھانے کی موبائل کے قریب ہفتہ کے روز بم دھماکے میں چار پولیس اہلکار زخمی ہو گئے، جبکہ پولیس گاڑی کو جزوی نقصان پہنچا۔

پولیس حکام کے مطابق دھماکہ اس وقت ہوا جب دشت پولیس تھانے کی گاڑی معمول کی گشت پر علاقے سے گزر رہی تھی۔ دھماکے کے نتیجے میں گاڑی میں سوار چار اہلکار زخمی ہوگئے، جنہیں فوری طور پر طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

حکام نے بتایا کہ دھماکے سے پولیس موبائل کو جزوی نقصان پہنچا، جبکہ واقعے کے فوراً بعد پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا۔
بم ڈسپوزل اسکواڈ اور فرانزک ٹیموں کو بھی جائے وقوعہ پر طلب کر لیا گیا ہے تاکہ دھماکے کی نوعیت اور استعمال ہونے والے دھماکہ خیز مواد کا تعین کیا جا سکے۔

تاحال کسی نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔