کوئٹہ: بی وائی سی رہنماؤں کی عمر قید کے خلاف احتجاج جاری

1

بلوچ یکجہتی کمیٹی (بی وائی سی) کے شال زون نے اپنے رہنماؤں کو سنائی گئی عمر قید کی سزاؤں کے خلاف کیچی بیگ، سریاب میں پمفلٹ تقسیم کرنے، دیواروں پر نعرے تحریر کرنے (وال چاکنگ) اور ایک کارنر میٹنگ کا انعقاد کیا۔

کارنر میٹنگ کے بعد شرکاء نے کیچی بیگ سے کلی کمالو تک ایک احتجاجی ریلی نکالی، جہاں مزید پمفلٹ تقسیم کیے گئے، دیواروں پر نعرے تحریر کیے گئے اور عوامی آگاہی مہم چلائی گئی۔ اس احتجاج میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی اور بلوچ یکجہتی کمیٹی کے رہنماؤں کے لیے انصاف، انسانی حقوق کے تحفظ اور بنیادی آزادیوں کے حق میں آواز بلند کی۔

شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ ناانصافی اور جبر کے خلاف اپنی پُرامن جدوجہد جاری رکھیں گے۔ انہوں نے اس بات کا بھی عہد کیا کہ بلوچ یکجہتی کمیٹی کے رہنماؤں کو سنائی گئی عمر قید کی سزاؤں اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف ہر فورم پر اپنی آواز بلند کرتے رہیں گے اور اپنی مزاحمت کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔

واضح رہے کہ بی وائی سی کی قیادت کو سنائی گئی عمر قید کی سزاؤں کے خلاف کوئٹہ میں احتجاج کا سلسلہ مسلسل جاری ہے۔ گزشتہ شب عوام کی بڑی تعداد سریاب روڈ پر نکل آئی اور احتجاج کرتے ہوئے عدالتی فیصلے کو مسترد کیا۔ مظاہرین نے بلوچ رہنماؤں کے لیے انصاف کا مطالبہ بھی کیا۔