بلوچستان کے ضلع مستونگ کی تحصیل کردگاپ میں جمعرات کی صبح سے متعدد دھماکوں اور شدید فائرنگ کی آوازیں سنی گئیں۔
مقامی ذرائع کے مطابق کردگاپ اور اس کے گردونواح میں پاکستانی فورسز کی جانب سے ایک بڑے آپریشن کی اطلاعات ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آپریشن کے دوران وقفے وقفے سے دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں جبکہ فورسز اور مسلح افراد کے درمیان جھڑپوں کی بھی خبریں موصول ہوئی ہیں۔
تاہم حکام کی جانب سے تاحال ان اطلاعات کی باضابطہ تصدیق نہیں کی گئی۔
دوسری جانب مستونگ بھر میں اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی ہے۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر مستونگ، سلیم اکبر رئیسانی کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق تحصیل کردگاپ میں ممکنہ ہنگامی صورتحال کے باعث تمام سرکاری ہسپتالوں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ نواب غوث بخش رئیسانی میموریل ہسپتال، ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال مستونگ سمیت ضلع کے تمام بنیادی مراکز صحت اور دیہی مراکز صحت میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ تمام ڈاکٹروں، پیرامیڈیکل اسٹاف اور دیگر عملے کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ فوری طور پر اپنی اپنی جائے تعیناتی پر حاضر ہوں۔

















































