خاران کے علاقے شیروزی میں نامعلوم مسلح افراد نے پولیس اہلکاروں کو حراست میں لے کر ان کا اسلحہ ضبط کرلیا، تاہم بعدازاں اہلکاروں کو رہا کردیا گیا۔
ذرائع کے مطابق مسلح افراد نے اچانک کارروائی کرتے ہوئے پولیس اہلکاروں کو اپنے قبضے میں لیا اور ان سے سرکاری اسلحہ اپنے ساتھ لے گئے۔ واقعے کے دوران اہلکاروں کو کسی قسم کا جانی نقصان نہیں پہنچایا گیا۔
اطلاعات کے مطابق مسلح افراد کارروائی کے بعد نامعلوم سمت فرار ہوگئے، جبکہ واقعے کے بعد پولیس اور دیگر سیکیورٹی اداروں نے علاقے میں تفتیش شروع کردی ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بھی بلوچستان کے مختلف علاقوں میں ایسے واقعات پیش آچکے ہیں جہاں مسلح افراد کی جانب سے سیکیورٹی اہلکاروں سے اسلحہ ضبط کیا گیا، تاہم بلوچ ہونے کی بنیاد پر اہلکاروں کو نقصان پہنچائے بغیر چھوڑ دیا گیا۔
حکام کی جانب سے واقعے کی نوعیت اور ذمہ داروں کے تعین کے لیے مزید تحقیقات جاری ہیں۔



















































