مند: پاکستانی فورسز کے ہاتھوں 2 افراد جبری لاپتہ

25

بلوچستان کے ضلع کیچ کے تحصیل مند میں پاکستانی فورسز کے ہاتھوں مزید دو نوجوانوں کی جبری گمشدگی کے واقعات سامنے آئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق 13 اپریل 2026 کی رات تقریباً 3 بجے فرنٹیئر کور (ایف سی) کے اہلکاروں نے مند کے علاقے خلاق دان میں ایک گھر پر چھاپہ مار کر 20 سالہ خورشید مراد ولد نصیر کو حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا۔ خورشید مراد پیشے کے لحاظ سے ڈرائیور ہیں۔

دوسرا واقعہ اسی روز صبح تقریباً 4:30 بجے پیش آیا، جب ایف سی اہلکاروں نے گياب مند، کیچ میں ایک گھر پر کارروائی کرتے ہوئے 21 سالہ شیرا ولد یونس کو گرفتار کر کے جبری طور پر لاپتہ کر دیا۔ شیرا کا تعلق زراعت کے شعبے سے تھا اور وہ بطور کسان کام کرتے تھے۔

اہل خانہ کے مطابق دونوں نوجوانوں کو ان کے گھروں سے حراست میں لینے کے بعد سے ان کے بارے میں کوئی معلومات فراہم نہیں کی گئیں، جس پر لواحقین شدید تشویش میں مبتلا ہیں۔

لواحقین نے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ دونوں افراد کو فوری طور پر منظر عام پر لایا جائے۔

واضح رہے کہ بلوچستان کے مختلف علاقوں میں جبری گمشدگیوں کے واقعات میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، جس پر انسانی حقوق کی تنظیمیں بارہا تشویش کا اظہار کر چکی ہیں۔