بلوچستان کے مختلف علاقوں میں جبری گمشدگیوں کا سلسلہ جاری ہے جہاں مزید تین افراد کو حراست میں لے کر لاپتہ کر دیا گیا، جبکہ تین دیگر افراد بازیاب ہو کر گھروں کو واپس پہنچ گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پنجگور کے علاقے خداآبادں سے 35 سالہ عبدالواحد ولد داد محمد کو 17 اپریل 2026 کو شام 5 بجے ان کے گھر سے پاکستانی فورسز اور ڈیتھ اسکواڈ کے اہلکاروں نے حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا۔
اسی طرح ضلع کیچ کے علاقے گوکدان تربت سے دو افراد، نعمان ولد حاجی عیسیٰ (عمر 29 سال) اور اکرام ولد حاجی عیسیٰ (عمر 27 سال)، کو 18 اپریل کی رات ایک بجے ان کے گھر سے فرنٹیئر کور (ایف سی) اہلکاروں نے حراست میں لے کر لاپتہ کر دیا۔ نعمان پیشے کے لحاظ سے دکاندار جبکہ اکرام ایک طالب علم ہیں۔
دوسری جانب سوراب اور کراچی سے جبری لاپتہ کیے گئے تین افراد بازیاب ہو گئے ہیں۔ جن میں نجیب اشرف ولد محمد اشرف اور اللہ بخش ولد عبد الکریم شامل ہیں، جنہیں 8 اپریل کو سوراب سے حراست میں لیا گیا تھا اور 15 اپریل کو سوراب پولیس اسٹیشن سے رہا کیا گیا۔
اسی طرح بلال ولد خیر محمد، جو کراچی کے علاقے شرافی گوٹھ کا رہائشی ہے، کو بھی 8 اپریل کو حراست میں لینے کے بعد 15 اپریل کو صدر کراچی سے رہا کر دیا گیا۔


















































