کراچی: دو لاپتہ نوجوانوں کی گرفتاری ظاہر

416

کاؤنٹر ٹیرر ازم ڈیپارٹمنٹ کے اہلکاروں نے کراچی میں ایک کارروائی کے دوران 2 افراد کو گرفتار کر کے ہینڈ گرنیڈ برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

ایس ایس پی سٹی عارف عزیز کےمطابق وفاقی حساس ادارے اور پولیس نے لیاری کے علاقے کلاکوٹ میں کارروائی کرتے ہوئے بلوچستان لبریشن فرنٹ (بی ایل ایف) کے دو ارکان کو گرفتار کرلیا ہے-

ایس ایس پی نے بتایا کہ دونوں گرفتار افراد کا تعلق بی ایل ایف سے ہیں جن کی شناخت ولید عرف ولڑ اور شعیب عرف ببلو کے ناموں سے ہوئی ہیں۔

ایس ایس پی نے دعویٰ کیا کہ مذکورہ افراد کے قبضے سے دو دوستی بم بھی برآمد کیے گئے ہیں، ان کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق کراچی سے حراست میں لئے گئے دونوں نوجوانوں کو رواں ماہ یکم مارچ کو انکے گھر سے پاکستانی فورسز نے حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کردیا تھا جبکہ دس روز بعد انکی گرفتاری کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ بلوچستان میں سی ٹی ڈی کی کاروائیوں کو قوم پرست جماعتیں اور انسانی حقوق کی تنظیمیں پہلے سے مشکوک قرار دیتے ہیں۔ قوم پرست حلقوں کے مطابق سی ٹی ڈی بھی پاکستانی خفیہ ایجنسیوں کی طرح لوگوں کے ماورائے عدالت گرفتاریوں سمیت قتل میں بھی ملوث ہیں۔

سی ٹی ڈی نے بلوچستان میں اس سے پہلے کارروائیوں میں کئی افراد کے گرفتاری کا دعویٰ کیا ہے تاہم بعد ازاں وہ پہلے سے لاپتہ افراد کے طور پر شناخت ہوچکے ہیں جبکہ اس سے قبل سی ٹی ٹی حکام کے جانب سے جاری کردہ ریڈ بُک میں شامل بعض افراد جبری طور پر لاپتہ افراد ہے جس پر وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز نے اعتراضات اٹھائے تھے۔