ماہل بلوچ کو عدالت میں پیش کرکے صفائی کا موقع دیا جائے گا – وزیر داخلہ بلوچستان

562

بلوچستان کے وزیر داخلہ میر ضیاء لانگو  نے کہا ہے کہ بلوچستان کے لوگوں کو امن و امان فراہم کرنا حکومت اور ریاستی اداروں کی ذمہ داری ہے۔

اپنے ایک بیان میں میر ضیاء لانگو نے کہا کہ کچھ دنوں سے بہت زیادہ تھریٹس تھیں جن میں خودکش بمبار آنے کی اطلاعات بھی تھیں، خودکش بمبار میں خواتین خودکش حملہ آور کی بھی اطلاع تھی جو کسی بھی جگہ حملہ کر سکتی تھی۔ اداروں کا کہنا تھا کہ وہ تمام صلاحیتیں بروئے کار لا کر تخریب کاری کے منصوبے کو ناکام بنائیں گے۔

صوبائی وزیر داخلہ نے کہا کہ کراچی میں شاری بلوچ نے خودکش حملہ کیا شاری کے عمل کے پیچھے بہت سے لوگ کھڑے ہو گئے کسی کی ماں بہن کو گرفتار کرنا ہمیں اچھا نہیں لگتا مگر جو قانون توڑے گا تو اس کیخلاف ایکشن ہوگا۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کالعدم تنظیمیں خواتین کو تخریب کاری کیلئے استعمال نہ کریں، مبینہ خودکش بمبار گرفتار ہونے والی خاتون ماہل بلوچ کو عدالت میں پیش کیا جائے گا جہاں وہ اپنی صفائی پیش کرے۔

میر ضیاءلانگو نے مزید کہا کہ جو خودکش حملہ کرے گا اس کیخلاف کارروائی ہوگی ملزمہ کو تمام قانونی سہولت فراہم کریں گے سب کو انصاف کے دائرے میں لایا جائے گا۔