بلوچستان حملوں کے پیش نظر سیکورٹی الرٹ جاری

356

بلوچستان میں حملوں کے خطرے کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق گزشتہ روز پشاورپولیس لائنز مسجد میں خود کش دھماکے کے بعد کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں سیکورٹی ہائی الرٹ کردی گئی ہے کوئٹہ شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر آنے اورجانے والی گاڑیوں کی سخت چیکنگ کی جارہی ہے جبکہ اہم سرکاری عمارتوں کی سیکورٹی میں بھی اضافہ کردیا گیا ہے-

جبکہ حکومت کی ہدایت پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کا ایک ہنگامی اجلاس منعقد ہوا جس میں کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں سیکورٹی پلان کوئٹہ بگٹی اسٹیڈیم میں ہونے والے نمائشی میچ کی سیکورٹی کا ازسرنو جائزہ لیا گیا اور بگٹی اسٹیڈیم کے اطراف میں بھی سیکورٹی کو سخت کرنے کی ہدایت کی گئی۔

گذشتہ دنوں سیکورٹی حکام نے بلوچ لبریشن آرمی کی جانب سے ممکنہ حملوں کے پیش نظر تھریٹ الرٹ جاری کردیا تھا تھریٹ الرٹ میں کہا گیا تھا کہ “بی ایل اے” بلوچستان کے علاقے خاران اور نوشکی میں سیکورٹی فورسز وخفیہ اداروں کے دفاتر کو نشانہ بناسکتی ہے–

تھریٹ الرٹ میں مزید کہا گیا کہ یہ حملہ بلوچ لبریشن آرمی مجید برگیڈ کے گذشتہ سال فروری میں ہونے والے حملے کا سیکوئل ہوسکتا ہے، گذشتہ سال 2 فروری کو بلوچ لبریشن آرمی مجید بریگیڈ کے 16 فدائی حملہ آورں نے نوشکی اور پنجگور ایف سی کے دو ہیڈکوارٹرز کو نشانہ بنایا تھا–

بلوچ لبریشن آرمی کے حملوں کے پیش نظر بلوچستان میں سیکورٹی حکام کو الرٹ رہنے اور ایف سی کیمپوں کے مرکزی گذر گاہوں اور دروازوں پر سیکورٹی سخت کرنے اور شہری چیکنگ کو مزید سخت کرنے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں جبکہ پولیس اور دیگر سیکورٹی ادارواں کو بھی الرٹ رہنے کا کہا گیا ہے–