جیل سے ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ کا پیغام، ایڈلسٹام ایوارڈ بلوچ عوام اور جدوجہد کرنے والوں کے نام

1

کوئٹہ ہدہ جیل سے ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ کا پیغام، ایڈلسٹام ایوارڈ بلوچ عوام اور سیاسی جدوجہد کرنے والوں کے نام، عالمی برادری سے بلوچستان میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لینے کی اپیل

ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ نے ہڈہ جیل کوئٹہ سے جاری اپنے پیغام میں کہا ہے کہ بلوچ عوام ایسے دور سے گزر رہے ہیں جہاں سچ بولنا، آزادی سے سانس لینا اور اپنی قومی شناخت و وجود کا تحفظ کرنا بھی جرم بن چکا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ بلوچستان میں جبری گمشدگیوں، ماورائے عدالت قتل اور جبری نقل مکانی کے ذریعے بلوچ عوام کو اپنی سرزمین پر جینے کے حق سے محروم کیا جا رہا ہے۔

ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ نے کہا کہ بلوچستان میں ریاستی ادارے انسانی حقوق کے محافظ ہونے کے بجائے جبر، دباؤ اور انسانی وجود کو کچلنے کے ذرائع بن چکے ہیں۔ ان کے بقول عدلیہ کی غیرجانبداری اور قانون کی حکمرانی بھی سنگین سوالات کی زد میں ہیں، جبکہ نام نہاد بے چہرہ ٹرائلز کے ذریعے سزائیں سنائی جا رہی ہیں۔

انہوں نے ایڈلسٹام پرائز کو محض ایک اعزاز نہیں بلکہ بلوچستان کی ان آوازوں کی سچائی کا اعتراف قرار دیا جنہیں مسلسل خاموش کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ نے ایوارڈ کے منتظمین اور جیوری کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس اعزاز سے بلوچ تحریک اور بلوچستان میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ یہ اعزاز صرف ان کا نہیں بلکہ ان تمام خاندانوں، سیاسی کارکنوں، ماؤں، بہنوں اور ان افراد کا ہے جو گرفتاریوں، ظلم و جبر، ریاستی دباؤ اور دیگر مشکلات کے باوجود پرامن سیاسی جدوجہد سے وابستہ رہے ہیں۔ یہ اعزاز ان خاندانوں کے نام بھی ہے جنہوں نے اپنے پیاروں کو کھویا اور جبری بے دخلی کا سامنا کیا، لیکن انصاف اور برابری کا مطالبہ ترک نہیں کیا۔

ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ نے کہا کہ آج دنیا ریاستوں کے باہمی تنازعات، جنگوں، قبضوں اور سیاسی و معاشی مفادات کی قیمت انسانی جانوں کی صورت میں ادا کر رہی ہے۔ فلسطین سے بلوچستان تک عام شہری طاقت کی سیاست کا سب سے زیادہ نقصان اٹھا رہے ہیں۔

انہوں نے عالمی سول سوسائٹی، انسانی حقوق کی تنظیموں، دانشوروں اور باشعور شہریوں پر زور دیا کہ وہ ریاستی اور سیاسی مفادات سے بالاتر ہو کر انسانی حقوق کے تحفظ کو ترجیح دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ انسانی حقوق ریاستوں کی جانب سے دی جانے والی کوئی رعایت نہیں بلکہ ہر انسان کے بنیادی حقوق ہیں، جن کا ہر حال میں احترام کیا جانا چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بلوچ عوام کی آواز عالمی سطح پر سنی اور سمجھی جانی چاہیے۔ ریاستی بیانیے اور پروپیگنڈے کے مقابلے میں حقائق کو سامنے لانا، بلوچستان میں مبینہ نسل کشی اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر سوال اٹھانا اور متاثرہ خاندانوں کی آواز کو بین الاقوامی سطح تک پہنچانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ کا کہنا تھا کہ کسی بھی تحریک کی کامیابی کا تعین صرف ان مشکلات سے نہیں ہوتا جن کا اسے سامنا کرنا پڑتا ہے بلکہ اس بات سے بھی ہوتا ہے کہ وہ مشکلات کے باوجود اپنے بنیادی اصولوں اور مقاصد پر کس حد تک قائم رہتی ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ اپنے حقوق کے حصول اور ایک منصفانہ مستقبل کی تعمیر کے لیے سیاسی جدوجہد جاری رکھنا ناگزیر ہے۔ بلوچ عوام ایسے مستقبل کے خواہاں ہیں جہاں کسی شخص کو انصاف کے مطالبے پر اپنی جان قربان نہ کرنی پڑے، کسی خاندان کو اپنے پیاروں کی بازیابی کے لیے برسوں انتظار نہ کرنا پڑے اور کسی قوم کو اپنی شناخت اور وجود برقرار رکھنے کے لیے مسلسل جدوجہد نہ کرنی پڑے۔

اپنے پیغام کے اختتام پر ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ نے امید ظاہر کی کہ ایڈلسٹام پرائز بلوچستان میں انسانی حقوق کی صورتحال پر عالمی توجہ مزید بڑھانے کا سبب بنے گا اور دنیا بھر کے انسانی حقوق کے ادارے، سول سوسائٹی اور باشعور شہری بلوچ عوام کی آواز سننے اور ان کے بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے۔