ارجنٹائن کی نائب صدر پر قاتلانہ حملہ ناکام

286

ارجنٹائن کی نائب صدر کرسٹینا فرنانڈیز ڈی کرچنر پر قاتلانہ حملے کی کوشش ناکام ہو گئی ہے۔ کرسٹینا جیسے ہی اپنی گاڑی سے باہر نکلیں، ہجوم میں ایک موجود ایک شخص نے ان پر پستول تان لی لیکن خوش قسمتی سے گولی نہ چل سکی اور وہ بال بال بچ گئیں۔

اس موقع کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوچکی ہے۔ نائب صدر کرسٹینا فرنانڈیز ڈی کرچنر کی سیکیورٹی پر مامور اہلکاروں نے ملزم کو فوری طور پر دبوچ کر گرفتار کر لیا اور اس کے ہاتھ میں موجود پستول چھین لی۔

نائب صدر پر قاتلانہ حملے کی یہ کوشش ارجنٹائن میں بڑھتے ہوئے سیاسی تناؤ کی نشاندہی کرتی ہے۔ ارجنٹائن کے صدر اور دیگر سیاستدانوں نے اسے ملک کیلئے سیاہ ترین دن قرار دیا ہے جب ایک خاتون سیاستدان کی بھرے مجمے میں جان لینے کی کوشش کی گئی۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق ارجنٹائن کی نائب صدر اپنے گھر واپس آ رہی تھیں، جب وہ کار سے باہر نکلیں تو وہاں موجود میڈیا نمائندوں اور لوگوں کے ہجوم نے ان کو گھیر لیا۔

اسی اثناء میں حملہ آور لوگوں کے ہجوم میں گھس آیا اور نائب صدر پر پستول تان لی۔ مقامی میڈیا نے بتایا کہ ملزم کا نام فرنینڈو سباگ ہے۔ پولیس نے اسے تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے۔