خاران اور دالبندین میں مسلح واقعات، فورسز کے قافلے پر حملے اور تجارتی شاہراہ پر ناکہ بندی

106

بلوچستان کے ضلع خاران اور دالبندین میں گزشتہ شب اور روزِ گزشتہ مسلح نوعیت کے دو مختلف واقعات پیش آنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، جن میں خاران کے علاقے زومی کے قریب پاکستانی فورسز کے قافلے کو نشانہ بنائے جانے جبکہ دالبندین کے علاقے پشوک میں کوئٹہ-تفتان تجارتی شاہراہ پر ناکہ بندی کے بعد ایک گاڑی کو نذرِ آتش کیے جانے کی اطلاع ہے۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق گزشتہ شب نوروز قلات کے مقام پر پاکستانی فورسز کے ایک قافلے کو مسلح افراد نے نشانہ بنایا۔ واقعے کی نوعیت، حملے کے دوران ہونے والے ممکنہ جانی و مالی نقصانات اور فورسز کی جانب سے جوابی کارروائی سے متعلق تاحال تفصیلات سامنے نہیں آ سکیں۔

دوسری جانب گزشتہ روز دالبندین کے علاقے پشوک میں مسلح افراد نے کوئٹہ-تفتان تجارتی شاہراہ پر ناکہ بندی کی۔ اطلاعات کے مطابق اس دوران ایک گاڑی کو روک کر نذرِ آتش کر دیا گیا۔

دونوں واقعات کے حوالے سے سرکاری حکام کی جانب سے تاحال کوئی باضابطہ تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں، جبکہ ان واقعات کی ذمہ داری تاحال کسی نے قبول نہیں کی ہے۔