ایس ایس ایف کا بیرون و اندرون علاقہ اسکالرشپس کے حوالے سے آگاہی پروگرام

290

سیو اسٹوڈنٹس فیوچر کی طرف سے طالبات کے لیے حالیہ ایشیئن وومین یونیورسٹی بنگلہ دیش کی پچاس سے زائد اسکالرشپس، زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں انڈر گریجویٹ کے مخصوص کوٹہ نشستوں اور بہاوالدین زکریا یونیورسٹی ملتان میں ماسٹرز کی مخصوص نشستوں کے حوالے سے آگاہی پروگرام منعقد ہوا۔

پروگرام ایس ایس ایف کی سینیئر کارکن بانک کائنات بلوچ و انعام بلوچ کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں کثیر تعداد میں طالبات نے شرکت کی، تنظیمی ذمہ داران نے طالبات کو مذکورہ اسکالرشپس کے حوالے سے تفصیلاً آگاہ کیا۔

آگاہی پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے سیو اسٹوڈنٹس فیوچر کی سینیئر کارکن بانک کائنات بلوچ، حفصہ بلوچ، سارہ بلوچ اور دیگر مقررین نے ایشیئن وومین یونیورسٹی بنگلہ دیش، فیصل آباد زرعی یونیورسٹی اور جامعہ بہاوالدین زکریا یونیورسٹی ملتان کی مخصوص نشستوں کے حوالے سے طالبات کو آگاہی دینے کے ساتھ ساتھ ان نشستوں پہ اپلائی کرنے کے طریقہ کار و دیگر کوائف پہ تفصیلی بات چیت کی۔

مقررین نے طالبات کو اسکالرشپس نشستوں پہ اپلائی کرنے اور داخلہ لینے کے حوالے سے ان کے سوالوں کے تفصیلی جوابات دینے کے ساتھ ساتھ طالبات کو یہ بھی یقین دہانی کرائی کہ اگر کسی طالبہ کو آن لائن رجسٹریشن، داخلوں کے طریقہ کار، یا کاغذات جمع کرانے میں کوئی بھی مشکل درپیش آتی ہے تو ایس ایس ایف طلبہ و طالبات کی ہر ممکن رہنمائی کرے گی اگر ضرورت پڑی تو طالبات کو مذکورہ جامعات میں پڑھنے والی طالبات سے بھی رابطہ کروایا جائے گا۔

مذکورہ اسکالرشپس و ریزرو نشستوں کے بارے میں ایس ایس ایف کے نمائندوں نے شہر کے مختلف تعلیمی اداروں اور لائبریری میں آگاہی پوسٹرز بھی لگائے۔