شاہینہ شاہین کے قاتلوں کی عدم گرفتاری تشویشناک ہے – مظاہرین

166

جسٹس فار شاہینہ شاہین کمیٹی کی جانب سے شاہینہ شاہین بلوچ کے خاندان کو انصاف فراہمی کے لیے بلوچستان کے ضلع کیچ کے مرکزی شہر تربت میں فدا شہید چوک پر دھرنا اور بھوک ہڑتال جاری رہا۔

تربت سے تعلق رکھنے والے سرگرم سماجی کارکن اور آرٹسٹ شاہینہ شاہین بلوچ کے قتل کے خلاف جسٹس فار شاہینہ شاہین کمیٹی کے زیر اہتمام شہید فدا چوک تربت پر چار دنوں سے دھرنا اور بھوک ہڑتال جاری ہے۔ کیمپ میں چوتھے روز ایچ آر سی پی کے ریجنل کوآرڈی نیٹر پروفیسر غنی پرواز سمیت تربت سول سوسائٹی کے کارکنان بھی بیٹھے رہیں۔

منگل کو سیاسی و سماجی شخصیات اور طلبہ تنظیموں کے نمائندوں نے کیمپ میں جاکر یکجہتی کی۔

جسٹس فار شاہینہ شاہین کمیٹی کے ترجمان نے کہا ہے کہ علامتی کیمپ کا مقصد شاہینہ کی فیملی کو انصاف فراہم کرنا ہے۔ ہمارا بنیادی مطالبہ نامزد قاتل اور ان کے ساتھیوں کی فوری گرفتاری ہے۔

پولیس کے کردار پر تنقید کرتے ہوئے کمیٹی نے کہا کہ قتل کو گیارہ دن گزر گئے ہیں لیکن پولیس قاتل کو گرفتار کرنے میں اب تک ناکام ہے جو تشویش کا باعث ہے۔

کمیٹی کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق 17 ستمبر کو شہید شاہینہ شاہین بلوچ کی شہادت اور قاتلوں کی عدم گرفتاری کے خلاف صبح 10 بجے لاء کالج سے شہید فدا چوک تک ریلی نکالی جائے گی۔