پاکستانی فورسز نے کارروائی کے دوران متعدد گھروں سے قیمتی سامان بھی اپنے ساتھ لے گئے۔
بلوچستان کے ضلع کیچ کی تحصیل تمپ کے علاقے پل آباد سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق پیر اور منگل کی درمیانی شب پاکستانی فورسز (ایف سی) کے اہلکاروں نے ولی محمد نامی شہری کے گھر پر دھاوا بولا۔
مذکورہ علاقے میں محبوب بلوچ، دودا بلوچ آیت اللہ اور نیاز نامی شخص کے گھروں پر بھی چھاپے مارے گئے جہاں اس دوران، اہلکاروں نے ان گھروں میں موجود افراد پر تشدد کیا اور انہیں سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں۔
عینی شاہدین اور مقامی ذرائع کے مطابق اہلکاروں نے گھروں میں داخل ہوتے ہی توڑ پھوڑ شروع کردی، جس کے نتیجے میں دروازے، کھڑکیاں اور گھر کا قیمتی سامان تباہ ہوگیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی فوج کے اہلکار ان گھروں سے قیمتی اشیاء، موبائل فونز، فریج اور ایئر کنڈیشنر بھی اپنے ہمراہ لے گئے۔
ولی محمد کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ وہ بلوچ قومی تحریک کے سرکردہ رہنما اور جبری طور پر لاپتہ استاد واحد کمبر کے قریبی رشتہ دار ہیں۔
مقامی حلقوں کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی بلوچستان میں جاری ’’اجتماعی سزا‘‘ کی پالیسی کے اس تسلسل کا حصہ ہے، جس کے تحت ان افراد کو نشانہ بنایا جا رہا ہے جن کے رشتہ دار بلوچ آزادی پسند تحریکوں سے وابستہ ہیں۔
تمپ کے مختلف علاقوں جن میں ملانٹ، گومازی، کوشکالات، ملک آباد میں بھی پاکستانی فورسز کی جانب سے بڑی تعداد میں پیش قدمی گھروں پر چھاپے اور آپریشن کے اطلاعات ہیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل بھی پاکستانی فورسز پر نوشکی، گوادر اور کیچ میں آزادی پسندوں کے گھروں پر حملوں اور گھروں کو مسمار کرنے کے متعدد واقعات میں ملوث ہونے کے الزامات عائد کیے جاتے رہے ہیں، جبکہ اس دوران آزادی پسندوں کے قریبی رشتہ داروں اور والدین کو بھی جبری گمشدگی کا سامنا رہا ہے۔
بلوچستان کے رہائشیوں کا الزام ہے کہ پاکستانی سیکیورٹی ادارے، جن میں ایف سی اور خفیہ ادارے شامل ہیں، اپنے مطلوبہ نتائج حاصل کرنے اور رشتہ داروں کی سیاسی یا مسلح سرگرمیوں کو روکنے کے لیے ان کے دیگر اہلِ خانہ کو نشانہ بناتے ہیں۔
اسی طرح حالیہ مہینوں میں پاکستانی فورسز کے حکام کی جانب سے مسلح تنظیموں سے وابستہ افراد کے اہلخانہ کو یہ پیغام دیا گیا ہے کہ وہ پریس کانفرنسوں کے ذریعے اپنے رشتہ داروں سے لاتعلقی کا اظہار کریں، جس پر بلوچستان کی سیاسی جماعتوں اور انسانی حقوق کی تنظیموں نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔



















































