ریلوے کالونی سبی میں پینے کا پانی ناپید، یونین سراپا احتجاج

258

ریلوے کالونی سبی میں پینے کے لئے پانی کی بحران پیدا ہوگئی، علاقے کے مکین پانی کی بوند بوند کو ترس گئے، پانی کی بحران کے باعث ریلوے اسٹیشن پر مسافر پیاس سے نڈھال ہو جاتے ہیں،

ریلوے کالونی سبی اور ریلوے اسٹیشن پر چھ ماہ سے پانی کی شدید قلت کے خلاف گول باغ سے ریل مزدور اتحاد کے زیر اہتمام مزدور رہنماء میر نسیم گشکوری کی قیادت میں کارکنوں نے احتجاجی ریلی نکالی، ریلی کے شرکاء نے اپنے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جس پر اپنے مطالبات کے حق میں نعرے درج تھے۔

مظاہرین نے ای این ریلوے اور آئی ڈبلیو ریلوے سبی کے خلاف شدید نعرے بازی کرتے ہوئے ای این آفس اور ریلوے لوگو شیلڈ کے سامنے مظاہرہ کیا اور مظاہرین نے ریلوے کے مختلف علاقوں کا گشت کرتے ہوئے دوبارہ گول باغ پر پہنچ کر احتجاجی مظاہرہ کیا۔

اس موقع احتجاجی مظاہرے سے مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریلوے کالونی اور سبی ریلوے اسٹیشن میں گذشتہ چھ ماہ سے پینے کے پانی کی فراہمی معطل ہے اور ریلوے انتظامیہ ریلوے مکینوں کو پینے کے پانی کی فراہمی میں مکمل ناکام ہوچکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ریلوے انتظامیہ پانی ریلوے کالونی کو سپلائی کرنے کے بجائے زمینداروں کو فروخت کررہی ہے جس کی وجہ سے ریلوے کے رہائشی پانی کی بوند بوند کو ترس گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چھ ماہ سے ریلوے کالونی کربلا کا منظر پیش کر رہی ہے، بار بار شکایت کے باوجود ریلوے انتظامیہ ٹھس سے مس نہیں ہو رہی ہے۔ ملازمین کے بچے سکول جانے کے بجائے صبح سویرے پانی کی تلاش میں نکلتے ہیں اور سارا دن پانی کی تلاش میں سر گردان رہتے ہیں۔

انہوں نے کہا پانی کی شدید قلت کے باعث ریلوے مکین پانی خریدنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔

مقررین نے کہا کہ اگر سبی ریلوے انتظامیہ نے فوری طور پر پانی کی فراہمی کا مسلہ حل نہیں کیا تو ریلوے ملازمین تادم مرگ بھوک ہڑتال اور ریل کی پہیہ جام کرنے پر مجبور ہو جائے گی۔