بلوچستان: دو لڑکیوں سمیت تین افراد نے خودکشی کرلی

267

بلوچستان میں خودکشی کے واقعات رکنے کے نام نہیں لے رہے ہیں، تازہ اطلاعات کے مطابق مزید دو لڑکیوں سمیت تین افراد نے خودکشی کرلی ہے۔

خودکشی کے واقعات صنعتی شہر حب چوکی، دکی اور خضدار میں پیش آئے ہیں۔

حب چوکی میں پولیس کے مطابق جمعرات کی شب انڈسٹریل ایریا میں واقع بسکونی نامی فیکٹری میں تعینات ایک پرائیوٹ سیکورٹی کمپنی کے سیکورٹی گارڈ جسکی شناخت احمد خان مگسی ولد بہادر خان کے نام سے ہوئی ہے، نے اپنی بندوق سے گولی چلا کر خودکشی کرلی۔

ادھر دکی سے اطلاعات ہیں کہ یارو شہر کے علاقے میں نوجوان لڑکی نے فائرنگ کرکے خودکشی کرلی ہے۔ جس کی شناخت بی بی صدیقہ دختر وزیر خان سکنہ یارو شہر کے نام سے ہوئی ہے۔

اس سے قبل خضدار کے علاقے زہری سے بھی اطلاعات موصول ہوئی تھیں کہ ایک لڑکی نے خودکشی کرکے اپنی زندگی کا خاتمہ کیا ہے۔

خیال رہے کہ بلوچستان میں خودکشی کے واقعات تیزی کے ساتھ رونما ہوئے ہیں۔ رواں سے بلوچستان کے مختلف علاقوں سے خودکشی کے واقعات رپورٹ ہوئے ہیں، جنکی تعداد میں روزانہ کی بنیاد پر اضافہ ہوتا جارہا ہے۔

تاہم حالیہ رپورٹ ہونے والے تینوں واقعات کے محرکات تاحال معلوم نہیں ہوسکے۔