بلوچستان: ٹریفک حادثات میں 12 افراد ہلاک، 17 زخمی

294

مختلف علاقوں میں ٹریفک حادثات میں 13 افراد ہلاک ہوگئے۔

بلوچستان کے علاقے سبی، پنجگور اور کوئٹہ میں پیش آنے والے ٹریفک حادثات میں مجموعی طور پر 12 افراد ہلاک اور 17 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق کوئٹہ سے جیکب آباد جانے والی مسافر ویگن اور مزدا میں سبی میں مٹھڑی کے مقام پر خوف ناک تصادم کے نتیجے میں نو افراد موقع پر ہلاک ہوگئے جبکہ 15 کے قریب افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں بعض کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔

ڈپٹی کمشنر سبی ڈاکٹر یاسر بازئی کے مطابق سول ہسپتال سبی میں ایمر جنسی نافذ کردی گئی ہے۔ زخمیوں میں سے کچھ افراد کو پرائیویٹ ہسپتال بھی منتقل کیا گیا ہے جبکہ زخمی ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔

حکام کا کہنا ہے حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا ہے۔

خیال رہے آج بلوچستان تین مختلف ٹریفک حادثات پیش آچکے ہیں۔ اس سے قبل ضلع پنجگور کے علاقے گوارگو میں تیز گاڑی نے موڑ کاٹتے ہوئے مخالف سمت سے آنے والی موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں موٹر سائیکل پر سوار 3 افراد شدید زخمی ہوگئے۔

زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا جا رہا تھا کہ وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہوگئے۔

موٹرسائیکل حادثے میں جاں بحق ہونے والے تینوں افراد سگے بھائی بتائے جاتے ہیں۔ واقعے کے بعد لاشیں اسپتال منتقل کر دی گئی ہیں جبکہ گاڑی کے ڈرائیور کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

دریں اثناء یارو کے قریب ٹریفک حادثے میں دو افراد ہدایت اللہ اور محمد ظریف زخمی ہوگئے ہیں، جنہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کردیا گیا۔