بلوچستان مختلف حادثات و واقعات میں 6 ہلاک و متعدد  زخمی

304

حادثات لسبیلہ، جھل مگسی، کوئٹہ، ژوب اور نوشکی کے اضلاع میں پیش آئے

دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق آج بلوچستان کے مختلف اضلاع میں پیش آنے والے مختلف حادثات و واقعات میں کم از کم 6 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے ضلع لسبیلہ کے تحصیل گڈانی میں گڈانی موڑ کے مقام پر ایک کار اور ٹرک میں تصادم کے نتیجے میں دو افراد ہلاک اور 2 زخمی ہوگئے۔

حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کی شناخت لسبیلہ کے قبائلی رہنما محمد صدیق سنیاں اور اسکے بھائی سے ہوئی ہے، جبکہ انکے بیٹے اور بی اینڈ آر کے ایک ملازم محمد حسین زخمی ہوگئے۔

حادثے کے بعد زخمی اور لاشوں کو سول اسپتال حب منتقل کیا گیا، جبکہ زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد کراچی منتقل کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ بلوچستان میں ناقص شاہراؤں کی وجہ آئے روز حادثات ہوتے رہتے ہیں، جن میں قیمتی جانوں کا نقصان معمول کا حصہ بن چکا ہے۔

دریں اثناء بلوچستان کے ضلع جھل مگسی سے آمدہ اطلاعات کے مطابق جھل مگسی میں گوٹھ مانگر کے مقام پر دو کم عمر لڑکیاں ڈوب کر جاں بحق ہوگئیں ہیں۔

تفصیلات کے مطابق آج منگل کے روز ضلع جھل مگسی کے گوٹھ مانگر کے مقام پر چارپائی اور ڈرموں سے بنی کشتی کی رسی کھل جانے سے دو کم عمر لڑکیاں ڈوب کر جاں بحق ہوگئیں۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ مذکورہ خاندان گذشتہ کئی دنوں سے سیلاب میں پھنسی ہوئی تھیں لیکن انتظامیہ کی جانب سے انکی کوئی مدد نہیں کی گئی۔ آج منگل کے روز وہ بھوک اور پیاس برداشت نا کرسکے اور اپنی مدد آپ چارپائیوں سے کشتی بناکر نکلنے کی کوشش کررہے تھے کہ بیچ پانی میں رسیاں کھل جانے سے دونوں کی موت واقع ہوئی۔

مزید اطلاعات کے مطابق حالیہ بارشوں کا پانی جمع ہونے کی وجہ سے بلوچستان کے شہر کوئٹہ اور ژوب میں کرنٹ لگنے سے دو افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

بلوچستان میں بارشوں کے بعد نکاسی آب کا نظام نا ہونے کی وجہ سے شہروں کے اندر متعدد مقامات پر بارش کا پانی جوہڑ کی صورت جمع ہوجاتا ہے۔ بارشوں سے بجلی کی تاریں ٹوٹنے کی وجہ سے یہ جوہڑ ہر سال متعدد ہلاکتوں کا باعث بنتے ہیں۔

بلوچستان کے ضلع نوشکیۛ سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق آج مرکزی شاہراہ این40 پر گلنگور کے مقام پر ایک کار گاڑی کو حادثہ پیش آنے کی وجہ سے ایک خاتون جاںبحق جبکہ 5 افراد زخمی ہوگئے۔

لیویز ذرائع کے مطابق گذشتہ روز کوئٹہ سے نوشکی آنے والی کار گاڑی تیز رفتاری کے باعث گلنگور کے قریب آر سی ڈی شاہراہ این40پر الٹ گئی جس کے باعث گاڑی میں سوار کوئٹہ کے رہائشی خاتون جاںبحق جبکہ 5افراد زخمی ہوگئے۔ زخمی ہونیوالے افراد میں بچے بھی شامل ہیں، جنہیں طبی امداد کیلئے سول ہسپتال نوشکی پہنچایا گیا، جہاں انہیں طبی امداد دی گئی۔ حادثے میں جاںبحق خاتون کی لاش ضروری کاروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کردی گئی۔