لورالائی: پی ٹی ایم رہنماء ملا بہرام سمیت دیگر گرفتار

493

پشتون تحفظ موومنٹ کے رہنماء ملا بہرام اور قاسم اچکزئی سمیت دیگر کارکنان کو گذشتہ رات فورسز اہلکاروں نے گرفتار کرکے تھانہ منتقل کردیا ہے جبکہ دیگر کارکنان نامعلوم مقام پر منتقل کردیئے گئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار پی ٹی ایم رہنماء محسن داوڑ نے مائیکرو بلاگنگ کی ویب سائیٹ ٹوئٹر پر کیا۔

محسن داوڑ کا کہنا ہے کہ گذشتہ رات لورالائی سے چمن واپسی پر پی ٹی ایم ضلع چمن کے کارکنان پر سیکیورٹی اداروں کا بہیمانہ تشدد ریاستی دہشتگردی کی بد ترین مثال ہے، گرفتار شدہ 17 کارکنان میں سے 11 تشدد کے بعد رہا کردیئے گئے جبکہ ملا بہرام اور قاسم اچکزئی لورالائی تھانہ اور سردار، بسم اللہ، حضرت، احمد نامعلوم مقام پر منتقل کردیئے گئے ہیں۔

خیال رہے گذشتہ روز لورالائی میں پی ٹی ایم ریلی کے دوران پولیس کی جانب سے تحریک کی معروف خواتین رہنماء ثنا اعجاز، وڑانگہ لونی اور عارف صدیق کو پولیس نے گرفتار کیا گیا تھا جنہیں بعد ازاں رہا کردیا گیا۔

ذرائع کے مطابق پی ٹی ایم لورالائی کے کوارڈینیٹر عبدالقیوم اتمانخیل کو بھی گذشتہ رات نامعلوم مسلح افراد نے اس کے بھائی عبدالغفار اتمانخیل کے ہمراہ حراست میں لیکر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔ پی ٹی ایم کارکنان کا دعویٰ ہے کہ عبدالقیوم اور اس کے بھائی کو پاکستانی خفیہ اداروں کے اہلکاروں نے لاپتہ کیا ہے۔

سرکاری حکام کی جانب سے تاحال گرفتاریوں کے حوالے سے کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا ہے اور نہ ہی کارکنان پر تشدد کی تردید کی گئی۔