بلوچستان: ٹریفک حادثات میں 1 شخص جانبحق، 10 زخمی

99

بلوچستان کے مختلف علاقوں میں پیش آنے والے ٹریفک حادثات میں مجموعی طور پر ایک شخص جانبحق اور خواتین و بچوں سمیت دس افراد زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق مچھ نیشنل کول کمپنی کے علاقے میں ٹرک الٹنے سے ڈرائیور جاںبحق ہوگیا جس کی نعش کو ضابطے کی کاروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کردیا گیا ہے۔

دریں اثناء نوشکی کے علاقے شیرجان آغا کے قریب ٹو ڈی کار اور ڈبل ڈور گاڑی میں تصادم ہوا جس کے نتیجے میں خاتون سمیت 2 افراد زخمی ہوگئے۔

اسی طرح کوئٹہ سبی مرکزی شاہراہ پر دشت کے علاقے میں کولپور بائی پاس کے مقام پر بارش کے باعث پسلن کی وجہ سے خانہ بدوشوں کا ٹرک الٹ گیا، حادثے میں خواتین و بچوں سمیت 8 افراد زخمی ہوگئے۔

زخمیوں کو دشت بی ایچ یو کولپور میں ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد کوئٹہ منتقل کر دیا گیا جبکہ زخمیوں میں دو کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔