راجن پور : کوہ سلیمان میں سیلابی ریلوں سے 40 دیہات زیر آب آگئے

716

راجن پور میں رود کوہی سیلابی ریلوں نے تباہی مچادی، درجنوں دیہات زیر آب آگئے، ہزاروں ایکڑ پر گندم کی فصلیں تباہ ہوگئیں، 2 ہزار 700 سے زائد افراد متاثر ہوئے، سیکڑوں گھروں کو نقصان پہنچا، لیہ کے قریب دریائے سندھ کے کٹاؤ کا مرمتی کام شروع کردیا گیا۔

 دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک رپورٹ کے مطابق راجن پور کے علاقے کوہ سلیمان پر بارشوں سے تباہی مچ گئی، رود کوہی میں سیلابی ریلوں نے 40 سے زائد دیہات کو ڈبو دیا، 10 ہزار 225 ایکڑ پر گندم کی تیار فصل برباد ہوگئی، 2 ہزار 773 افراد متاثر ہوئے جبکہ 456 گھروں کو بھی نقصان پہنچا۔

بستی لاشاری سے متاثرین کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جارہا ہے۔ ریسکیو حکام کے مطابق بستی میں پانی داخل ہونے کی اطلاع ملنے پر امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں، آخری فرد کو محفوظ مقام پر منتقل کرنے تک آپریشن جاری رہے گا۔

سیلابی پانی میں گھرے متاثرین امداد نہ ملنے کا شکوہ کرتے نظر آتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ آدھی رات میں سیلاب آیا، گھر اور علاقہ ڈوب چکا تھا، ریسکیو ٹیمیں صبح پہنچیں، نہ خیمے لگے اور نہ ہی امداد آئی، انسان اور جانور بھوکے ہیں۔

دوسری جانب انتظامیہ نے لیہ میں بیٹ گجی کے مقام پر دریائے سندھ میں ہونے والے کٹاؤ کا مرمتی کام شروع کردیا گیا۔