اسلام آباد: گریڈ 20 کے آفیسر کا کویت سے آنے والے وفد کے سامان کی چوری

284

کویت سے آئے اعلٰی سطح وفد کے سربراہ کا دوران مذاکرات بریف کیس چوری ہوگیا جب کہ سی سی ٹی وی فوٹیج میں گریڈ 20 کا افسر ضرار حیدر دونوں چیزیں چوری کرتے پکڑا گیا۔

کویتی وفد کے سربراہ وزارت اقتصادی امور میں مذاکرات میں مصروف تھے کہ اس دوران ان کا بریف کیس چوری ہوگیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کویتی وفد کے سربراہ نے بتایا کہ ان کا بریف کیس اور پرس چوری ہوگیا ہے جس پر سی سی ٹی وی فوٹیج دیکھی گئی۔

ذرائع نے بتایا کہ سی سی ٹی وی فوٹیج میں گریڈ 20 کے افسر ضرار حیدر کو دونوں چیزیں چوری کرتے دیکھا گیا جس کے بعد ضرار حیدر کے خلاف ایف آئی آر درج کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

سیکریٹری اقتصادی امور غضنفر عباس جیلانی کا کہنا ہے کہ واقعہ میں ضرارحیدر نامی افسر ملوث پائے گئے ہیں جو کہ ڈی ایم جی کے گریڈ 20 کے افسر ہیں، میرے اسٹاف افسر نہیں۔

انہوں نے کہا کہ ضرار حیدر کے خلاف ضروری کارروائی کی جارہی ہے۔

دوسری جانب پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ابھی تک نہ کوئی درخواست ملی نہ ہی کوئی اطلاع دی گئی لہٰذا درخواست ملی تو قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔