بھارت، بنگلادیش کو شکست دے کر ایشین چیمپئن بن گیا

144

دبئی: بھارت نے بنگلادیش کو شکست دے کر ایشیا کپ کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔

دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں بنگلا دیش کی جانب سے دیے گئے 223 رنز کا ہدف بھارت نے 7 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

بھارت کی جانب سے روہت شرما 48، دنیش کارتک 37 اور ایم ایس دھونی 36 رنز بنا کر آوٹ ہوئے۔

قبل ازیں بھارتی کپتان روہت شرما نے ٹاس جیت کر پہلے بنگلادیشی کپتان مشرفی مرتضیٰ کو بیٹنگ کی دعوت دی تو لٹن داس اور مہدی حسن مرزا نے اننگز کا آغاز کیا۔

بنگلا دیشی اوپنرز نے اپنی ٹیم کو 120 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا اور مہدی حسن مرزا 32 رنز بنا کر کیدار جادھو کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔

ایک طرف وکٹیں گرنے کا سلسہ جاری رہا لیکن دوسری جانب لٹن داس ذمہ دارانہ طریقے سے اپنی ٹیم کا اسکور آگے بڑھاتے گئے اور انہوں نے 121 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔

بنگلا دیش کی جانب سے سومیا سرکار نے 33 رنز اسکور کیے جب کہ 8 کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہو سکے اور پوری ٹیم 49 ویں اوور میں 222 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔

بھارت کی جانب سے کلدیپ یادیو نے 3 اور کیدار جادھو نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، ایک ایک وکٹ جسپریت بھمراہ اور چاہل کے حصے میں آئی۔

یاد رہے کہ دونوں ٹیمیں مسلسل دوسری مرتبہ ایشیا کپ فائنل میں مدمقابل ہیں، 2016 کے فائنل میں بھارت نے باآسانی بنگال ٹائیگرز کو شکست دی تھی۔

بنگلادیش کی ٹیم لٹن داس، سومیا سرکار، محمد مٹھن، مشفق الرحیم، عمر القیس، محمد اللہ، مہدی حسن، کپتان مشرفی مرتضیٰ، نظم الاسلام، روبیل حسین اور مستفیض الرحمان پر مشتمل ہے۔

بھارتی ٹیم میں کپتان روہت شرما کی واپسی ہوئی ہے، اس سے قبل افغانستان کے خلاف روہت شرما نے آرام کیا تھا جن کی غیرموجودگی میں مہندرا سنگھ دھونی نے قیادت کے فرائض سرانجام دیے۔

بنگلادیش کے خلاف فائنل کے لیے بھارتی ٹیم کپتان روہت شرما، شیکر دھاون، امباتی روئیڈو، مہندرا سنگھ دھونی، دنیش کارتھک، کیدر جادیو، روندرا جدیجا، بھونیشور کمار، کلدیپ یادیو، جسپرت بھمبرا اور یزوندرا چاہل پر مشتمل ہے۔

دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم بھارتی اور بنگلادیشی شائقین کرکٹ سے کھچا کھچ بھرا ہوا ہے جو اچھے اور کانٹے کے مقابلے کی توقع لیے بیٹھے ہیں۔

یاد رہے کہ بھارت افغانستان اور بنگلادیش پاکستان کو شکست دے کر فائنل میں پہنچا ہے۔