بلوچستان: مختلف حادثات میں خاتون سمیت 5 افراد جانبحق 4 زخمی

176

بلوچستان کے مختلف علاقوں میں رونماء ہونے والے ٹریفک حادثات میں خاتون سمیت 5 افراد جانبحق ، چار زخمی

دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق حب چوکی، سبی، مکران کوسٹل ہائیوے اور ژوب میں ہونے والے ٹریفک حادثات میں خاتون سمیت پانچ افراد جانبحق ، جبکہ چار افراد زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق مکران کوسٹل ہائی وے بُزی چڑہائی کے مقام پر ٹریفک حادثے میں 3 افراد جانبحق جبکہ ایک شخص شدید زخمی ہوگیا۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق لاشوں اور زخمی کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

دریں اثناء بلوچستان کے صنعتی شہر حب چوکی کے مرکزی شاہراہ پر حب تھانے کے قریب ٹریفک حادثے میں ایک خاتون جانبحق اور ایک شخص زخمی ہوگئے۔ خاتون کی لاش اور زخمی شخص کو سول ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

واضح رہے گذشتہ روز بھی حب کے مرکزی شاہراہ پر سیرت چوک کے قریب ٹریفک حادثے میں ایک بچہ جانبحق ہوگیا تھا۔

دریں اثناءسبی کے علاقے لنڈی کراس کے قریب ویگن اور موٹر سائیکل میں تصادم کے نتیجے میں ایک شخص محمد بخش ولد حاجی محمدحسن کھوسہ زخمی ہوگئے، جنیں طبی امداد کے لیئے سول ہسپتال سبی منتقل کر دیا گیا ہے۔

ایک اور واقعے میں ژوب کے علاقے کوئٹہ روڈ پر بادیرزئی کے قریب ویگو گاڑی کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار جاں بحق جبکہ ان کے ساتھی شدید زخمی ہوگئے ۔ لاش اور زخمی کو ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

واضح رہے بلوچستان کے کسی بھی شہر میں ٹریفک کا کوئی کارگر نظام موجود نہیں ہے جس کی وجہ سے ہر ہفتے کئی قیمتی جانوں کا نقصان ہوتا ہے۔