پی ٹی آئی امیدوار اکرام گنڈا پور خودکش حملے میں ہلاک- خاندانی ذرائع

296

ڈی آئی خان: تحریک انصاف کے صوبائی نشست کے لیے امیدوار اور سابق صوبائی وزیر اکرام اللہ خان گنڈا پور خودکش حملے میں ہلاک ہوگئے۔ 

دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک کو موصول ہونے والی اطلا عات کے مطابق ڈی آئی خان کے  تحصیل کلاچی سے صوبائی نشست کے لیے تحریک انصاف کے امیدوار سردار اکرام اللہ خان گنڈاپور کی گاڑی پر خودکش حملہ ہوا جس کے نتیجے میں ان سمیت چار افراد زخمی ہوئے۔

اکرام اللہ گنڈا پور اور دیگر زخمیوں کو طبی امداد کے لیے سی ایم ایچ اسپتال لے جایا گیا جہاں پی ٹی آئی امیدوار دوران علاج چل بسے جب کہ ان کے خاندانی ذرائع نے بھی اکرام اللہ گنڈا پور کی ہلاکت کی تصدیق کردی ہے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق اکرام اللہ گنڈاپور اپنے گھر سے نکلے تھے اور کچھ دوری پر ہی تھے کہ ان کی گاڑی کے قریب زور دار دھماکا ہوا۔

کلاچی دھماکے بعد پولیس اور سیکورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور جائے وقوعہ پر حصار بناتے ہوئے وہاں کسی کو بھی جانے کی اجازت نہیں دی جارہی۔

عینی شاہد کا کہنا ہے کہ دھماکے کی جگہ پر ایک انسانی سر اور ٹانگیں بھی موجود ہیں۔